Skip to main content

Quote World

Quote World Where can I found those quotes? You will all the quotations here. Here are the links of quotes or quotation sites:  Do you want to read Funny Quotes? Visit this page: Funny Quotes Do you want to read Success Quotes? Visit this page:  Success Quotes Do you want to read Business Quotes? Visit this page:  Business Quotes Do you want to read Health Quotes? Visit this page:  Health Quotes

ایک آرزو

ایک آرزو
ایک آرزو



دُنیا کی محفِلوں سے اُکتا گیا ہُوں یا ربَِ
  کیا لُطف انجمن کا جب دِل ہی بُجھ گیا ہو
 
شورش سے بھاگتا ہُوں ، دِل ڈھونڈتا ہے میرا
 ایسا سکوُت جس پر تقدیر بھی فِدا ہو

 مرتا ہوں خامشی پر ، یہ آرزو ہے میری
 دامن میں کوہ کے اِک چھوٹا سا جھونپڑا ہو

 آزاد فکر سے ہوں ، عُزلت میں دِن گُزاروں
 دُنیا کے غم کا دِل سے کانٹا نِکل گیا ہو

 لذّت سَرود کی ہو چڑیوں کے چہچہوں میں
 چشمے کی شورَشوں میں باجا سا بج رہا ہو

 گُل کی کلی چٹک کر پیغام دے کسی کا 
ساغر ذرا سا گویا مجھ کو جہاں نُما ہو

 ہو ہاتھ کا سَرَھانا، سبزے کا ہو بِچھونا
 شرمائے جس سے جَلوَت ، خَلوَت میں وہ ادا ہو

 مانُوس اِس قدر ہو صُورت سے میری بُلبُل 
ننّھے سے دِل میں اُس کے کھٹکا نہ کُچھ مِرا ہو

 صف باندھے دونوں جانب بُوٹے ہرے ہرے ہوں
 ندِّی کا صاف پانی تصوِیر لے رہا ہو ہو

 دِل فریب ایسا تصویر کا نظارہ
 پانی بھی موج بن کر، اُٹھ اُٹھ کے دیکھتا ہو

 آغوش میں زمِیں کی سویا ہوُا ہو سبزہ
 پھر پھر کے جھاڑِیوں میں پانی چمک رہا ہو

 پانی کو چھُو رہی ہو جُھک جُھک کے گُل کی ٹہنی
 جیسے حَسِین کوئی، آئینہ دیکھتا ہو

 مہندی لگائے سُورج جب شام کی دُلھن کو
 سُرخی لِئے سُنہرِی ہر پُھول کی قبا ہو

 راتوں کو چلنے والے رہ جائیں تھک کے جس دَم
 اُمِّید اُن کی، میرا ٹُوٹا ہُوا دِیا ہو

 بجلی چمک کے اُن کو کُٹیا مِری دِکھا دے
 جب آسماں پہ ہر سُو بادل گِھرا ہُوا ہو

 پچھلے پہر کی کوئل ، وہ صُبْح کی مؤذّن
 میں اُس کا ہمنَوا ہُوں ، وہ میری ہم نَوا ہو

 کانوں پہ ہو نہ میرے دَیر وحَرَم کا احساں
 روزن ہی جھونپڑی کا مجھ کو سَحر نُما ہو

 پُھولوں کو آئے جس دَم شبنم وضو کرانے
 رونا مِرا وضو ہو ، نالہ مِری دُعا ہو

 اُس خامشی میں جائیں اتنے بُلند نالے
 تاروں کے قافلے کو، میری صدا درا ہو

 ہر دردمند دِل کو رونا مِرا رُلا دے بے
 ہوش جو پڑے ہیں ، شاید اُنھیں جگا دے

 (علامہ اقبال - بانگ درا)

Comments